مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں‘ کشمیریوں سے آج ہڑتال کی اپیل

493

سری نگر (اے پی پی) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں آج ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں کشمیریوں سے آج اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ کشمیرمیڈیا کے مطابق جموں وکشمیر تحریک آزادی، کشمیر لبریشن الائنس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہا گیا کہ کشمیری عوام نے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کردیا ہے اور بھارت مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشی بند کرکے وہاں سے اپنی فوجیں واپس بلا ئیں۔؎ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عالمی برادری کو یہ پیغام دینے کے لیے کہ وہ اپنے وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کو مسترد کرتے ہیں کل یوم سیاہ منائیں گے ۔بھارت نے آج کے دن 1947ء کو عالمی قوانین کو روندتے ہوئے طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر قبضہ کر لیا تھا ،جسے برقرار رکھنے کے لیے وہ مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔