شاہینوں نے پاکستان سے فرار کیویز کو شارجہ میں جپٹ لیا

674
شارجہ: قومی ٹیم کے کھلاڑی نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد سیلفی لیتے ہوئے خوشی کا اظہار کررہے ہیں

شارجہ /کراچی (نمائندہ خصوصی/سید وزیر علی قادری)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جو درست ثابت ہوئی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناکر گرین شرٹس کو 135رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں قومی بلے بازوں نے نے محتاط آغاز فراہم کیا تاہم 9 رنز بنا کر کپتان بابر اعظم پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان اور محمد حفیظ 11، 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز اور بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان تھے جنہوں نے 34 گیندوں پر 33 رنز بنائے ۔ان کے بعد عماد وسیم نے شعیب ملک کا ساتھ دیا لیکن وہ بھی 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ 3کھلاڑیوں کے انفرادی11 رنز کو بھی شائقین اور مبصروں نے خوشگوار حیرت قرار دیا۔ اس موقع پر جب ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تھی،شعیب ملک نے اپنے تجربے کا بہترین استعمال کرتے ہوئے دباؤ برداشت کیا جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود آصف علی نے بڑی شاٹ لگا کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔ اختتامی لمحات میں دونوں بلے بازوں نے اوسان خطا کیے بغیر کیویز کو 17ستمبر کا دن یاد دلادیا جب وہ پاکستان کا دورہ ملتوی کرکے واپس وطن لوٹ گئے تھے۔ قوم کو اس کا بڑا دکھ تھا اور پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے واشگاف الفاظ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو حوصلے کے ساتھ میدان میں بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا جو قوم کے سپوتوں آصف علی اور شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرکے اپنے سربراہ کے الفاظ کی حرمت پر آنچ نہ آنے دی اور آصف علی نے 3 اور شعیب ملک نے ایک چھکا لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔ آصف علی نے 27 رنز اور شعیب ملک نے 26 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سوڈھی نے 2، ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ قومی بولرز نے بھارت کے خلاف میچ جیسی فارم برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیاجس کا کریڈٹ حارث رؤف کو جاتا ہے جنہوں نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں لیں۔ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک، ایک کیوی کھلاڑی کو ا آئوٹ کیا۔نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے ڈیرل مچل اور ڈیون کانوے نے 27، 27 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔