کشمیر کی بحالی تک بھارت سے تعلقات ممکن نہیں‘شہریار آفریدی

253
اسلام آباد: چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریار آفریدی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریار آفریدی نے کہاہے کہ کشمیر کی پرانی حیثیت کو بحال کرناہوگا، کشمیر کی 5اگست سے پہلے کی پرانی حیثیت بحال ہونے تک بھارت کے ساتھ تعلقات کوبحال نہیں کیا جاسکتا جبکہ حریت رہنمائوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ ہماری اخلاقی ، سفارتی حمایت جاری رکھی ہے، ہماری جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حریت رہنمائوں کے ساتھ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کیا۔شہریار آفریدی نے کہاکہہم کشمیر کا مسئلہ دنیا کے ہر فورمز پر لے کر گئے ہیں،دنیاکشمیر کے مقدمے کو سمجھ رہی ہے ، عالمی برادری کو پتا لگ گیا مودی دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے، اس کا متعصبانہ رویہ کسی طورپر بھی قابل قبول نہیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ 1947ء سے کشمیریوں پر ظلم و جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈومیسائل کے قانون کے تحت کشمیریوں کی شناخت کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بے گناہ عورتوں ، بچوں اور کشمیری نوجوانوں سے جیلوں کو بھر دیا گیا۔پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر ایک پیج پر ہیں۔ 40ہزار سے زیادہ غیر کشمیریوں کو کشمیر میں آباد کیا جارہا ہے ،اقوام متحدہ کے وعدے کو ہر حال میں عملی جامہ پہنانے کے لیے پاکستان کلیدی رول ادا کرے گا۔