عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے، صدر مملکت

333

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو ہر سال کشمیری اور پاکستانی عوام ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی شروعات کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہیں، عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل ہی خطے میں امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے، بھارتی دعوؤں کے برعکس جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جو 70 سال سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کیلیے عملی اقدامات کرے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔