شعیب اختر اور پی ٹی وی اینکر کے درمیان نوک جھونک کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

305

اسلام آباد: سابق اسٹار کرکٹر شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان نوک جھونک کے معاملے کا وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق فاسٹ بالر شعیب اختر پی ٹی وی اسپورٹس پر ورلڈ کپ کے حوالے سے جاری پروگرام میں شریک تھے، پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر تبصرہ کے دوران شعیب اختر حارث روؤف کی تعریف کررہے تھے، کہ اس دوران اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کو شعیب اختر کی کوئی بات نا گوار گزری، جس پر اینکر نے غیر ملکی لیجنڈز سر ویوین رچرڈ، ڈیوڈ گوور سمیت دیگر کے سامنے سابق فاسٹ بالر کی توہین کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ اوور اسمارٹ نہ بنیں، انہوں نے شعیب اختر کو شو چھوڑ کر چلے جانا کا کہا اور بریک لے لی۔

شعیب اختر نے اینکر کے نامناسب رویے پر پی ٹی وی اسپورٹس سے استعفیٰ دے دیا۔ کرکٹ لیجنڈ کے اس طرح کا رویہ برتنے کی ویڈیو سامنے آتے ہی معاملہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، سلیبرٹیز، صحافی اور شائقین اپنے ہیرو کی حمایت میں سامنے آگئے اور اینکر پر شدید تنقید شروع ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اینکر کو پی ٹی وی سے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، اب وفاقی وزیر اطلاعات نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور پی ٹی وی انتظامیہ کو معاملے کی فی الفور تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کے سربراہ ایم ڈی پی ٹی وی ہوں گے، جبکہ دیگر ارکان میں پی ٹی وی کے ایچ آر سمیت دیگر شعبہ جات کے ارکان شامل ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا، جس میں ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان ہونے والی نوک جھونک کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جائے گی، تحقیقاتی کمیٹی ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کو بھی طلب کرے گی، جس میں دونوں کے مؤقف کو سنا جائے گا۔ کمیٹی تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو بھجوائے گی، جس کے بعد کمیٹی کی سفارشات پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔