جڑواں شہروں میں پولیس ہائی الرٹ، آنسو گیس کی شیلنگ کا سامان تیار

503

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے کالعدم تنظیم کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور اس حوالے سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ والے کالعدم تنظیم کے کارکن سادھوکی پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے ملک بھر سے اسلام آباد مارچ و متوقع احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ مری روڈ اور ملحقہ علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں میں آنسو گیس گنز اور شیل تقسیم کردیئے گئے۔

پولیس کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے میٹرو اسٹیشن اور ٹریک پر موجود اہلکاروں کو بھی آنسو گیس شیل پہنچا دیئے گئے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا ہے۔

خیال رہے مرید کے سے چلنے والے کالعدم تنظیم کے کارکن سادھوکی پہنچ گئے،  پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکنے کی کوشش بھی کی گئی ہے ، جس کے نتیجےمیں پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔

دوسری جانب  کالعدم تنظیم کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور شرکاء کو روکنے کے لیے پولیس کی مختلف مقامات پر شیلنگ جاری ہے جگہ جگہ رکاوٹیں موجود ہیں اور جہلم کے تینوں پلوں کی حفاظتی دیواریں توڑ کر کنٹینر رکھ دئیے گئے ہیں۔

واضح رہے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان حکومت نے کالعدم تنظیم کی جانب احتجاج کے پیش نظر آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے، حکومت اور سیکیورٹی ادارے کالعدم تنظیم سے سختی سےنمٹنے کے لیے تیار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنےوالوں کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔