“حکومت متاثرین نسلہ ٹاور کو متبادل اور زرتلافی کی ضمانت دے”

568

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ متاثرین نسلہ ٹاور کو ہر صورت میں متبادل جگہ اور زر تلافی کی ضمانت دے،حکومت ضامن بنے،کیوں کہ اگر بلڈر ز پیسے نہ دے تو عوام کس کے پاس جائیں گے؟

نسلا ٹاور پر موجود متاثرین کیمپ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عدالتوں میں 20،20سال سے لاکھوں مقدمے درج ہیں جس کے آج تک فیصلے نہیں ہوئے،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عدالت کے حکم پر متاثرین کو ان کی رقم ادا کی جائے اورحکومت ان بلڈر مافیا سے پیسے خود وصول کرے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کی تعمیر پر یہ اعتراض کیا گیا تھا کہ تعمیرات میں اصل زمین سے تجاوز کیا گیا ہے اس لیے اس بنیاد پر پوری ایک کثیر المنزلہ عمارت کو گرانا انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  جماعت اسلامی نسلا ٹاور کے متاثرین کے ساتھ ہے،کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔اگر حکومت نے نسلہ ٹاور کے متاثرین کو ریلیف دینے کے لیے کوئی کام نہیں کیا تو جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت کا کوئی بھی نمائندہ ابھی تک نسلہ ٹاور نہیں آیا جو کہ انتہائی قابل شرم بات ہے، جماعت اسلامی کے نمائندے شروع سے نسلہ ٹاور کے متاثرین کے ساتھ ہیں پھر کیا وجہ ہے منتخب نمائندے کیوں نہیں آتے؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ امیرجماعت اسلامی کی حیثیت سے میں اپنی ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ہوں،جماعت اسلامی کی پوری ٹیم ان کے ساتھ ہے،ہم ایک مرتبہ پھر کمشنر سے کہتے ہیں کہ انہوں نے جو پیش رفت کرتے ہوئے کنکشن منقطع کیے ہیں وہ بحال کیے جائیں،ان کو پانی، بجلی اور گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔