دفاعی چیمپیئن کو پھر شکست، جنوبی افریقا 8 وکٹوں سے کامیاب

251

دبئی( رپورٹ: وزیر علی قادری) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو پھر شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، جنوبی افریقانے اسے 8 وکٹوں سے ہرادیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔

ایون لوئس نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کیرون پولارڈ 26 اور لینڈل سمنز 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیوین پریٹوریئس 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ کیشو مہاراج 2، اینرک نورکیا اور کگیسو ربادا نے ایک ایک وکٹ لی۔

پروٹیز نے مذکورہ ہدف با آسانی 2 وکٹوں نے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔تجربہ کار ایڈن مارکرام نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی جبکہ رسی ویندر ڈوسن 43 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست ہے۔

جنوبی افریقاکے اینرک نورکیا کو عمدہ بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقانے 2 پوائنٹس حاصل کرلیے۔