طاقتور پہلی بار خوفزدہ ہوا کہ قانون کے دائرے میں ہے، فرخ حبیب

203
لاہور،وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب وکلا کے کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کو جیل جانا پڑا، طاقتور کو پہلی بار خوف پیدا ہوا کہ وہ قانون کے اندر ہے، احتساب کے عمل کو کمزور نہیں پڑنے دینا، وزیراعظم عمران خان کسی بھی فورم پر پیچھے نہیں ہٹے، وکلا احتساب میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں۔ لاہور میں تقریب
سے خطاب میں فرخ حبیب نے کہا کہ مانتا ہوں انہوں نے دھیلے کی کرپشن نہیں کی اربوں کھربوں کی کرپشن کی ہے، مریم صفدر ہر پیشی پر اپنا وکیل بدل لیتی ہیں، یہ لوگ تاریخیں لیتے ہیں اور ان کے پیچھے چھپ جاتے ہیں، عدالت عظمیٰ پر حملے کرنے والے آج ہمیں بتا رہے ہیں، مریم صفدر کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ کہیں روزانہ کی بنیادوں پر سماعت کی جائے، انہوں نے اپنی سزاؤں کے خلاف 3 سال سے اپیل دائر کی ہوئی ہے، جب کیس میرٹ پر چلانے کی بات ہو تو التوا کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ زور دیا ہے کہ انصاف، قانون کی حکمرانی سب کے لیے ایک جیسی ہو، عوام کو سستے انصاف کی فراہمی کیلیے اقدامات جاری رکھیں گے، ہم نے احتساب کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔