بہت جلد مرکز میں بھی حکومت کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے‘ راناثنااللہ

219

فیصل آباد (صباح نیوز) ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ایک صوبے سے حکومت گرچکی، بہت جلد مرکز میں بھی پی ٹی آئی کادھڑن تختہ ہونے والاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اورپی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتیں عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ہمارے ساتھ رابطہ
کرنے والے حکومتی ارکان کو آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹ کی یقین دہا نی کرادی جائے تواگلے روز عمران خان وزیراعظم رہیں گے نہ حکومت، کسی کو سینے سے لگانے کا فیصلہ نوازشریف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت سرکاری مشینری استعمال کرنے کے باوجود ضمنی الیکشن میں14 نشستوں میں سے 12 نشستوں پر بری طرح ہار جائے اُس کی جماعت عام انتخابات میں کیسے جیت سکتی ہے؟۔ مہنگائی کاحکمران خوداعتراف کر رہے ہیں مگر اس بات کا اعتراف نہیں کر رہے کہ انہوں نے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا ہے، جو2 وقت کی روٹی تو کیا یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی عوام کو ضرورت نہیں بلکہ اُس کا ایک دن بھی برقرار رہنا ملک اور قوم کے لیے ناقابل برداشت ہے۔