ائر چیف کا پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس پر کثیر الملکی مشق کا معائنہ

256

کراچی(نمائندہ جسارت) سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ، بیس پر جاری کثیر الملکی عسکری مشق ’’ایسز میٹ 2-2021‘‘ کا جائزہ لیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ ان مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں جبکہ برطانیہ اور ازبکستان کی فضائیہ کو بطور مبصر مشقوں
میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ان فضائی مشقوں کا مقصد عسکری حکمت عملی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کی جنگی استعداد کو بڑھانا ہے۔ علاوہ ازیں مشقوں میں شریک فضائی افواج کے مابین حقیقت پر مبنی مربوط ماحول اور عملی آپریشنل منظر نامے کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو مستحکم کرنا بھی ان مشقوں کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ائر چیف نے کہا کہ ایسز میٹ مشقیں اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ ان فضائی مشقوں میں حصہ لینے والی فضائی افواج بذات خود آپریشنل سرگرمیوں، خواہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہوں یا فضائی معرکوں پر مبنی ہوں، کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ موجودہ عالمی سیکورٹی حالات اور ائر وار فئیر کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے مابین شراکت داری میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔