پاکستان کی جیت ،بھارت میں دہشت گردوں کے کشمیری طلبہ پر حملے ، تشدد

170

سرینگر(اے پی پی)آئی سی سی ٹی 20عالمی کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد بھارتی پنجاب کے مختلف کالجوں میں ہندوتوا دہشت گردوں نے کشمیری طلبہ پر حملے کیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پنجاب کے علاقے سنگرور میں بھائی گرو داس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بھارتی ریاست اترپردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے ہندوتوا دہشت گردوں نے ہوسٹل میں گھس کر کشمیری طلبہ کو بے رحمی سے مارا پیٹا۔ ایک طالب علم نے فیس بک پر حملے کو براہ راست شیئر کیا جس میں حملہ آورکشمیری طلبہ کے کمروں میں گھس گئے اوران پر ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا ۔ بھائی گرو داس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں انجینئرنگ کے ایک طالب علم عاقب نے صحافیوں کو بتایا کہ اتر پردیش اور بہار کے کچھ طلبہ لاٹھیوں کے ساتھ ان کے کمروں میں گھس گئے اوران پر حملہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے ہوسٹل کے کمروں میں تھے اور باہر سے شور کی آواز آئی۔ ہم یہ دیکھنے گئے کہ کیا ہو رہا ہے تودیکھا کہ کچھ لوگ دوسرے بلاک میں کشمیری طلبا پر تشدد کر رہے ہیں۔ ایک اور طالب علم شعیب نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ہمارے کمروں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور مسلسل آپ پاکستانی ہیںکے نعرے لگا رہے تھے۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان ناصر کھوئی ہامی نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں میچ میں بھارت کی شکست کے بعد پنجاب کے مختلف کالجوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کی طرف سے پریشان کن فون کالز موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے ان حملوں کی جو وڈیوز موصول رہی ہیں وہ بہت تکلیف دہ ہیں۔