حیدر آباد،تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر واسا ملازمین کا احتجاج

174

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد

HDA شعبہ واسا کے ملازمین کی 11مہینوں کی تنخواہیں، پنشن ادا نہ کرنے کیخلاف HDA ایمپلائز یونین کی جانب سے حیدرآباد کی تینوں تحصیلوں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے 5پمپنگ اسٹیشنوں کو 2گھنٹے کے لیے بند کیا گیا۔ ان پمپنگ اسٹیشنوں پر HDAکے ملازمین نے بڑی تعداد میں شریک ہو کر HDA انتظامیہ اور حکومت سندھ
کے خلاف شدید نعرے لگاتے ہوئے اوراپنی تنخواہوں،پنشن اور دیگر مطالبات پورے کرنے کا مطالبہ کرتے رہے جب کہ مختلف پمپنگ اسٹیشنوں پر ایمپلائز یونین CBAکے عہدیداروں اعجاز حسین ،نیازحسین چانڈیو ، عبد الحمید ، ارشاد احمد ، عطر خان چانگ ، رحیم کھوسو ، حاجی نسیم ، چاند محمد ،انتظار حسین اور جمیل الدین نے دورہ کرتے ہوئے اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کی جدو جہد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا یہ اتحاد اپنا مطالبات پورے کرانے میں ضرور کامیاب ہوگا۔ آخر میں مین ڈسپوزل پمپنگ اسٹیشن لطیف آباد یونٹ نمبر۹ پر بڑی تعداد میں جمع ہونے والے ہڑتالی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ایمپلائز یونین CBAکے جنرل سیکرٹری عبد القیوم بھٹی نے کہا کہ HDAشعبہ واسا کے ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کے علاوہ ورک چارج کنٹریکٹ پر عرصہ دراز سے ملازم ہونے والے ملازمین کو 800سے زائد خالی ہونے والی پوسٹوں پر سنیارٹی کی بنیاد پر ریگولر نہیں کیا جا رہا ہے جب کہ ان ورکرچارج کنٹریکٹ ملازمین کو صرف10ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جارہی ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے کم از کم اجرت 25ہزار روپے ماہانہ اداکیے جانے کے حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے ۔ان مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے مسلسل جلسے جلوس ، مظاہرہ اور دھرنے دے رہے ہیں مگر حالات جوں کے توں ہیں جس کی وجہ سے ان مسائل کو حل کروانے کے لیے آج پہلے مرحلے میں حیدرآباد کی تینوں تحصیلوں میں فراہمی آب اور نکاسی آب کے صرف5پمپنگ اسٹیشنوں کو 2گھنٹے کے لیے بند کیا اور یہ سلسلہ ایک ہفتہ تک روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔ مندرجہ بالا مطالبات کو ایک ہفتہ میں بھی پورا نہیں کیا گیا تو اس ہڑتال کا دورانیہ بڑھا دیا جائیگا جس کی تم تر ذمہ داری HDAانتظامیہ پر عائد ہوگی۔