پیپلز پارٹی کے سندھ میں کتنے اسپتال ہیں؟ جماعت اسلامی

179

جیکب آباد(نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا یہ کہنا کہ دائیں بازوں کی پارٹیوں کی ترجیحات میں صحت عامہ شامل نہیں ہے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ جماعت اسلامی کے سندھ سمیت پورے ملک میں تعلیم اور صحت کے میدان میں ادارے قائم ہیں اور بلاتفریق عوام کی خدمت کررہے ہیں، کورونا کی صورتحال کے پیش نظر ہماری ڈاکٹروں کی تنظیم پیما اور فلاحی ادارے الخدمت
فاؤنڈیشن نے ایک طرف اس موذی مرض سے بچاؤ کے لیے آگاہی،علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں تو دوسری طرف کورونا اور لاک ڈاؤن سے متاثر خاندانوں کو ریلیف پہنچانے میں صف اول کا کردار ادا کیا۔انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول زرداری سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اپنے ذاتی خرچ پر صحت کے شعبے میں کتنے ادارے کام کررہے ہیں؟ ۔پیر کے روز جیکب آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنے وعدوں کے برعکس آٹا و چینی چور مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے چکی میں پس رہے ہیں غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، پی ٹی آئی کا مہنگائی کو ختم، روزگار کی فراہمی، گھروں کی تعمیر سمیت عام آدمی کو ریلیف دینے کے تمام تر دعوے تاحال جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران اور عوام کو مہنگائی سمیت تمام مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں۔ حکومت تحریک لبیک سے کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرکے ملک کوبحران سے بچائے، 31اکتوبر کو مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں بھرپور مارچ ہوگاجس میں ملک بھر سے ڈگری ہولڈر نوجوان خصوصی طور پر شرکت کریں گے، عوام نے سب کو آزمالیا اب جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہیے۔