آپ ﷺ کودونوں جہانوں کیلیے رحمت بنا کر بھیجا ہے

213

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)نبی کریم ﷺ رحمت العالمین ہیں، جن کی تعلیمات سراسر حق اور جس پر عمل پیرا ہونے والے افراد ہو یا اقوام دنیا اور آخرت میں قابل رشک بن جائیں گے،شاہدہ اعجاز ۔ جماعت اسلامی خواتین حلقہ امین آباد کھوسہ تحصیل گڈو کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کی مناسبت سے ایک پروقار و شاندار تقریب کا انعقاد گاؤں امین آباد میں کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما جماعت اسلامی صوبہ سندھ و نگراں ضلع کشمور شاہدہ اعجاز نے کہا کہ کلام اللہ قرآن کریم میں نبی مہربان محمد ﷺ کی بعثت کا مقصد مختلف انداز میں بیان فرمایا گیا ہے کہ ہم نے آپ ﷺ کودونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے، آپ ﷺ بشارت دینے والے ہیں، آپ ﷺ اللہ کے عذاب سے ڈرانے والے ہیں، آپ برائی سے روکنے اور نیکی کرنے کی واعظ و نصیحت کرنے والے ہیں، آپ ﷺ نرم خو، ٹھنڈے مزاج والے ہیں، آپ ﷺ انصاف کرنے والے ہیں، اور آپ ﷺ اللہ کے دین کو دنیا کے تمام ادیان پر غالب کرنے کی سعی و جدوجہد کرنے والے ہیں، آپ ﷺ سراج و منیر ہیں۔ آپﷺ سراسر ہدایت، رحم دل، اور آپ ﷺ رحمت العالمین ہیں ۔شاہدہ اعجاز نے تقریب میں ناظمہ رقیہ عطا اللہ کھوسو، نائبین صدف کھوسو اور شائستہ کھوسو کے علاوہ متصل پسگردائی سے آئی ہوئی کثیر تعداد میں خواتین شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ ﷺ ہدایات الٰہی کا مکمل نا خشک ہونے والا مستقل بہتا ہوا چشمہ ہیں، رہتی دنیا تک فرد ہو یا اقوام کوئی بھی آپﷺ کی مکمل زندگی کا مطالعہ کرکے ان کی دی ہو تعلیمات پرعمل پیرا ہوجائے تو بلاشبہ ان کی زندگی کو چارچاند لگ جائیں گے اور عمل کرنے والے دنیا و آخرت میں قابل رشک بن جائیں گے۔ شاہدہ اعجاز نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنے بنیاد سے نبی مہربان ﷺ کے اس مقصد اور مشن کو جاری رکھے ہوئی ہے اور میدان خار میں عملی طرح موجود ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ بھی اس اعلیٰ مقصد کے حصول میں جماعت اسلامی کا حصہ بن کر ملک میں اسلامی نظام کی نفاذ کے جدوجہد کریں۔