آسٹریلیا اور چین کے درمیان مواصلاتی کمپنی کیلیے کشمکش

297

کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا کی ایک بڑی مواصلاتی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ جنوبی بحرالکاہل کی ایک مواصلاتی انتظامی کمپنی خریدنے کے لیے اپنے ملک کی حکومت کے ساتھ اشتراک کرے گی۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین بھی اس مواصلاتی کمپنی کے حصول میں دلچسپی رکھتا ہے اور دونوںممالک کے درمیان اس کی خریداری کے لیے کشمکش شروع ہوگئی ہے۔ آسٹریلوی کمپنی ٹیلسٹرا نے اعلان کیا کہ وہ جمیکا میں قائم ڈیجیٹل گروپ کی جانب سے چلایا جانے والا نظام ایک ارب 60 کروڑ ڈالر میں خریدے گی، جس کی 80 فیصد سے زائد لاگت آسٹریلوی حکومت برداشت کرے گی۔ڈیجیسیل پیسیفک کی خدمات، پاپوا نیو گینیا اور ناؤرو سمیت کئی جزائر پر محیط ہیں۔ آسٹریلوی وزیر خارجہ ماریسے پین اور دیگر 2وزرا نے اس معاملے پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا،جس میں کہا گیا ہے کہ سودے سے خطے میں محفوظ اور قابل اعتماد بنیادی ڈھانچے میں تعاون کے حکومتی عزم کا اظہار ہوتا ہے، جو بحرالکاہل خطے کی اقتصادی نمو اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ چین بھاری مالی امداد اور سرمایہ کاری کے ذریعے بحرالکاہل خطے میں اپنی موجودگی کو تقویت دے رہا ہے۔