چاہے ہار جائیں انتخابات الیکٹرونک مشین سے کرائیں گے، شہباز گل

261

ٹورنٹو (صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ الیکشن جیتیں یا ہاریں الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ پر ہی ہوگا، ہمیں یا کسی جماعت کو دھاندلی کا نہیں کہنا پڑے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی اوورسیز فورم کے تحت ٹورنٹو میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے کوئی نہیں روک سکتا، پی ٹی آئی اوورسیز پاکستانیوں کی ہر فورم پر آواز بنے گی۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں سے محبت اور ان کا احترام کرتے ہیں، احسن اقبال کہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی صورتحال کاادراک نہیں، انہوں نے بیٹے کو امریکا سے بلا کرالیکشن لڑوایا کیا وہ یہاں کے حالات جانتا تھا؟ احسن اقبال ہم سے سیاست کریں لیکن اوورسیز سے نفرت نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہملک کی ترقی میں اوورسیز پاکستانی اہم کردار ادا کررہے ہیں، اپوزیشن اوورسیز کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش میں ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کادل ملک کیلیے دھڑکتا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا زیادتی ہوگی۔