ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان آج نیوزی لینڈ کے خلاف نبرد آزما ہوگا

274

 

شارجہ(نمائندہ خصوصی) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2021، سپر 12 رائونڈ میں آج مزید 2 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ جنوبی افریقا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ،دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شاجہ کرکٹ ا سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز فاتحانہ انداز میں کر دیا ہے ، گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت کو اپنے پہلے میچ میں 10وکٹوں کی عبرتناک شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم 5 گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم میں ہوگا۔