پاکستان کے کرکٹرز نے قومی ٹیم کی کامیابی کو محنت اور دعائوں کا نتیجہ قرار دے دیا

435

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت کے خلاف اعصاب شکن میچ جیتنے کے بعد پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق و ٹیم مینجمنٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار الفاظ میں مبارکباد پیش کی ہے اور اسے تاریخی فتح قرار دیا ہے ۔ سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کا مائنڈ سیٹ چینج ہوا ہے،بھارت کیخلاف جیت سے اندازہ ہوگیا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں میں صلاحیت کتنی ہے لہذا مطمئن رہیں اور اسی جذبے کے ساتھ کھیلیں۔وسیم اکرم نے شاہین شاہ آفریدی کو دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک قرار دیا۔سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اسی طرح بیٹنگ کرتے رہے تو سارے ریکارڈز توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی جیت کا کریڈٹ کپتان بابر اعظم اور ٹیم انتظامیہ کو جاتا ہے ۔ اسی جذبہ کو آگے بڑھاتے ہویے سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے اتنے خطرناک میچ کو بلے بازوں کے لیے آسان کردیا جس کا سہرا شاہین شاہ آفریدی اور بہترین کپتانی پر بابر اعظم کو جاتا ہے۔ پاکستان کی جیت پر شعیب اختر کا ردعمل مختلف تھا ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا ہدف صرف بھارت کو ہرانا نہیں بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی متحد ہوکر قومی ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔دیگر مبارکباد دینے والوں میں حسن علی، ثقلین مشتاق، محمد حفیظ و دیگر شامل ہیں۔