افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی

353
شارجہ: اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں افغانستان کے کامیاب بولر مجیب الرحمن کا جوشیلا انداز(فوٹو: ناصر عبداللہ)

شارجہ (نمائندہ خصوصی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔حضرت اللّٰہ زازئی اور محمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو دھواں دھار آغاز فراہم کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھ دی۔ زازئی نے 30 گیندوں پر 44 اور شہزاد نے 15 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ رحمان اللّٰہ گرباز نے ٹیم کے اسکور میں 46 رنز کا حصہ ڈالا جبکہ نجیب اللّٰہ زدران نے 59 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور محمد نبی نے 11 رنز بنائے۔ مذکورہ اننگز میں افغانستان نے مجموعی طور پر 11 چھکے لگائے۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے صفیان شریف 33 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولر رہے۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے اسپن اٹیک کا جادو چل گیا جس نے اسکاٹ لینڈ کے بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی۔ مجیب الرحمان نے 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں تو دوسرے اینڈ پر موجود راشد خان نے 4 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے جارج منسے 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اس فتح کے ساتھ ہی 2 اہم پوائنٹس اور بھاری رن ریٹ کے ساتھ افغانستان کی ٹیم سپر 12 کے گروپ 2 میں پہلی پوزیشن پر آگئی ۔