ٹریفک اور دیگر حادثات میں 5 افراد جاں بحق، 15زخمی

234

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیر کو شہر میں ہونے والے مختلف حادثات و واقعات میں5 افراد جاںبحق اور15زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کو جھگڑے کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا،جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، میچ جیتنے کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے 10افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق شیریں جناح کالونی میں محلے میں ہونے والے جھگڑے کے دوران دل کادورہ پڑنے سے 56سالہ حبیب ولد زر مست خان جاں بحق ہوگیا جب کہ 35سالہ ذوہیب ، 20سالہ شاکر اور 30سالہ نصراللہ چھریوں کے وار سے زخمی ہوگئے واقعہ کی اطلاع پربوٹ بیسن پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا پولیس کے مطابق جائے وقوع سے 2افراد شعیب اور عبدالرحمن کو حراست میں لے کران سے تفتیش شروع کردی اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ جیتنے کی خوشی میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے گلشن اقبال بلاک 2، ملیر ہالٹ ، ناظم آباد گول مارکیٹ،شفیق موڑ ، اورنگی ٹائون نیشنل اسٹیڈیم اور نارتھ کراچی اور پاور ہاوس میں 10 افراد زخمی ہوگئے ۔ پورٹ قاسم کے شجاع اینگرو کمپنی میں کام کے دوران چھت سے گرنے کے باعث 22سالہ مزدوربلال ولد عبدالرحیم شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیاجہاںوہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، سپر ہائی وے ملیر کینٹ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 33 سالہ عارفہ عرف مگن دختر میر ہزار جاں بحق ہوگئی ۔ قائد آباد مرغی خانہ پل پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں55سالہ شیر محمد ولد امام بخش جاں بحق ہو گیا اورنگی ٹاؤن حوا گوٹھ پنجتنی چوک کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک 50سالہ شخص موقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔