بھارت سے تنازع کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے،حل کردے،جھگڑا ختم ہوجائے گا،وزیراعظم

390
ریاض:وزیر اعظم عمران خان سعودی پاکستان انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کررہے ہیں

ریاض(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔پیر کوریاض میں سعودی عرب سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو کرکٹ میچ میں بری طرح پچھاڑ دیا، یہ میچ پر بات کرنے کا مناسب وقت نہیں ہے،بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اکثریتی آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع ہیں اور سعودی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ بندھا ہوا ہے اور اس کی2 وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ سے مقدس مقامات ہیں اور دوسری وجہ جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی ہے سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے پاکستان پر عزم ہے، پاکستان ہمیشہ اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے، سعودی عرب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جب بھی آپ کو دفاع درپیش ہوگا تو دنیا میں کچھ بھی ہورہا ہو لیکن پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 30 برس سے سعودی عرب آرہا ہوں اور ولی عہد کی صورت میں بہترین قیادت کے تحت تبدیلی دیکھی ہے، سعودی عرب کے مستقبل کی تبدیلی کا عزم رکھتے ہیں اور پاکستان بھی تبدیل ہو رہا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے امریکی صدر جوبائیڈن کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے جان کیری کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستانی اقدامات سے آگاہ کیا۔جان کیری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکا کی طویل المدت شراکت داری ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے قابل تجدید توانائی منصوبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔