ٹک ٹاک پر پابندی آئین کے خلاف ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ

460

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بادی النظر میں ٹک ٹاک پر پابندی کو آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹک ٹاک ہزاروں لوگوں کی کمائی کا ذریعہ ہے،  پی ٹی اے اس طرح ٹیلنٹ کو بھی بند کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف درخواست پر آج (پیر) سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس نے پی ٹی اے حکام سے استفسار کیا کہ یہ پلیٹ فارم ہزاروں لوگوں کی کمائی کا ذریعہ ہے، پی ٹی اے اس طرح ٹیلنٹ کو بھی بند کر رہا ہے۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ عدالت کے مدنظر وہ لوگ ہیں جو غریب ہیں اور اس سے کمائی کر رہے ہیں، قابل اعتراض مواد تو ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود ہوتا ہے پھر سب بند کردیں، ہیٹ اسپیچ صرف ایک ٹک ٹاک پر تو نہیں ہوتی۔

انہوں نے ریمارکس میں کہا کہ  ہیٹ اسپیچ ہوتی ہے پورنا گرافی بھی ہوتی ہے لیکن اس کو پروفیشنل انداز میں ہینڈل کرنا چاہیے، معاشرے میں اتنی اقدار بھی ہونی چاہییں کہ اگر کوئی چیز ٹھیک نہیں تو نا دیکھیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایڈوانس ٹیکنالوجی کے چیلنجز ہیں کیا اس طرح ان کا سامنا کرنا ہے؟ کیا باقی دنیا سے ہمیں کٹ کے رینا ہے ؟ بھارت کے علاوہ کہاں پر پابندی ہے ؟ آپ کو یہی نہیں پتہ کہ ملک میں سوشل میڈیا کے ایکسپرٹس کون ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ حیران کن کیا ہو سکتا ہے کہ پی ٹی اے کو پتہ ہی نہیں ایکسپرٹس کون ہے، یہ الارمنگ ہے کہ پی ٹی اے کو تو معلوم ہی نہیں، اگر اس طرح ہی کرنا ہے تو پھر تو سارے پلیٹ فارم پر پابندی لگا دیں۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ پی ٹی اے نے پشاور اور سندھ ہائیکورٹ میں بیان حلفی دیا ٹک ٹاک پر صرف ایک فیصد مواد قابل اعتراض ہوتا ہے، متوسط طبقہ اپنے ٹیلنٹ کو اجاگر کر کے اس پلیٹ فارم سے کمائی کر رہا ہے۔

حکم نامے کے مطابق  پی ٹی اے نے رپورٹ فائل کی لیکن عدالت نے جو ہدایت کی تھی اس کا جواب موجود نہیں، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے، عدالت نے پوچھا کہ پلیٹ فارم کو بلاک کرتے ہوئے کیا کسی ایکسپرٹس سے رائے لی گئی؟ جس پر  وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سوشل میڈیا ایکسپرٹس کے نام عدالت میں جمع کروائے ہیں۔

عدالت کے مطابق  بادی النظر میں پلیٹ فارم کو بلاک کرنا آئین میں دئیے گئے حقوق کی خلاف ورزی ہے، کیوں نا عدالت ٹک ٹاک کو کھولنے کا آرڈر دے؟ ٹک ٹاک پر پابندی کیوں لگائی ؟ پی ٹی اے آئندہ سماعت پر مطمئن کرے جس پر کیس کی مزید سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔