ملک میں عملا آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہوچکی ہے، سراج الحق

578

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج ا لحق کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیاں عوام اور ملک کے لیے تباہ کن، تین برسوں میں پاکستان دہائیاں پیچھے چلا گیا، ملک میں عملا آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہوچکی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ  پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے، ثابت ہو گیا کہ حکمرانوں کے پاس ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری گھر گھر ناچ رہی ہے۔

امیر جماعت  اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پہلے سے کمزور معیشت تین برسوں میں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں، بھوک سے تنگ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے مزدوری کی تلاش میں چوکوں چوراہوں میں بیٹھے ہیں۔ ملک پر عملاً آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔ سودی معیشت اور سرمایہ دارانہ نظام نے ہمارا سب کچھ تباہ کر دیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  کرپٹ اور فرسودہ نظام سے چھٹکارہ کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا، چترال سے لے کر کراچی تک لوگ مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہاکہ  پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی جمہوری نظام میں ہے، ملک میں شفاف انتخابات ہونے چاہییں، جمہوریت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور نظام تعلیم کو قرآن و سنت کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔