حافظ نعیم کی ڈی جی نادرا سندھ سے ملاقات، عوامی مسائل پر گفتگو

458

کراچی:ا میر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے نادرا ہیڈ کوارٹر کراچی میں ڈی جی نادرا سندھ بریگیڈئر (ر)خالد لطیف سے ملاقات کی۔

وفد میں نائب امیر راجہ عارف سلطان اور انچارج پبلک ایڈ کمیٹی نادرا سیل طاہر امیر الحسن بھی موجود تھے،ملاقات میں نادرا میگا سینٹرز اورنیشنل رجسٹریشن سینٹرزمیں عوام کو درپیش مشکلات و پریشانیوں کے فوری حل کے لیے تفصیلی گفتگو کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ  میگا سینٹر ز پر عوام کی لمبی قطاریں اور رش کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ  شہریوں کی تذلیل اور درخواست گزاروں سے غیر ضروری کاغذات طلب کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے،  نیشنل رجسٹریشن سینٹرز کو ایوننگ شفٹ میں بھی فعال کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ نئے دفاتر قائم کیے جائیں اور موجودہ  سینٹرز  کے اوقات کار بڑھائے جائیں، زونل بورڈز اور VSRاور UVبورڈز کے لیے لمبی مدت کی تاریخیں نہ دی جائیں،قومی شناختی کارڈ اور سکیشن سرٹیفیکیٹ (وراثتی سرٹیفیکیٹ)کے حصول میں آسانی پیدا کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  نادرا سینٹرز میں اسٹاف کو پابند کیا جائے کہ وہ نادرا ایس او پیز کے مطابق کام کرے، موبائل وین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

 اس موقع پر ڈی جی نادرا بریگیڈئر (ر)خالد لطیف نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دلایا کہ عوام کے تمام تر جملہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔