آرمی چیف، صدر مملکت، وزیر اعظم سمیت سیاسی شخصیات کی قومی ٹیم کو مبارک باد

1534

اسلام آباد: آرمی چیف،  صدر مملکت عارف علوی،  وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی اور اپوزیشن جماعتوں نے بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے، وزیراعظم کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، شوکت ترین، حماد اظہر اور دیگر نے سعودی عرب بھی پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دیکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخی فتح حاصل کی ہے، وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کے خلاف شاندار فتح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہناہے کہ ‘پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے’۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے، صدر مملکت کا کہنا ہے کہ  ‘شاباش گرین شرٹس، ہمیں آپ پر فخر ہے’۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دپیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ سب پر فخر ہے، وزیراعظم نے کپتان بابراعظم کو قیادت اور عمدہ بلے بازی جبکہ شاہین آفریدی کو عمدہ گیند بازی اور محمد رضوان کو اچھی بلے بازی پر خصوصی مبارک باد بھی پیش کی۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں تاریخی میچ اپنی ٹیم کے ہمراہ دیکھا، اُن کے ہمراہ مشیر خزانہ شوکت ترین اور وفاقی وزیر حماد اظہر بھی موجود تھے۔

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی کی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے کیخلاف میچ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کی شاندار فتح پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، قومی ٹیم نیروایتی حریف بھارت کیخلاف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، پاک بحریہ کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح پرخراج تحسین پیش کرتی ہے’۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ دنیاکےبہترین کرکٹر اور ہمارے وزیر اعظم کےساتھ پاکستان کی فتح دیکھی، میچ کے دوران عمران خان کی بصیرت اورکھیل کےتجزیےسے لطف اندوز بھی ہوا۔

Image

دوسری جانب سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات نے بھی تاریخی فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو دل کی اتہہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھنے کی دعا بھی کی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ قومی ٹیم نے کیا زبردست اور شاندار کامیابی حاصل کی ہے ، گرین شرٹس کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کیخلاف ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی فتح پر قوم کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی جیت پر قوم کو مبارک باد دی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، کورونا وائرس کی پریشانیوں کے بعد آج قوم کو بڑی خوشخبری ملی ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن، شہباز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔