ملک آئی ایم ایف کے شکنجے میں پپھنس گیا،حکومت مستعفی ہو،فضل الرحمن

240

چارسدہ (آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت دھاندلی کے زور پر بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے ‘حکومت فوری طور پر مستعفی ہو‘ ملک میں شفاف
انتخابات کرائے جائیں‘ حکومتی ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں ملک آئی ایف ایم کے شکنجے میں پھنس گیا ہے ‘عوام مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم کا ساتھ دے۔ چارسدہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج غریب، متوسط طبقہ اور عوام تعلیم، صحت، بجلی، گیس، بل اور دیگر اخرجات مہنگائی کی وجہ سے ادا نہیں کرسکتے ہیں‘ اس وقت مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی اور عوام خودکشی کرنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی نے قوم کی زندگی مشکل بنا دی ہے‘ اس صورتحال میں پی ڈی ایم کا سڑکوں پر ہونا عوام کی امنگوںکی ترجمانی ہے‘ قوم کی امید پی ڈی ایم سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف اورایف اے ٹی ایف کے کہنے پر پارلیمنٹ سے قانون سازی کرکے ملک اور قوم کو غلامی میں دھکیل دیا ہے‘ حکومت نے قانونی طور پر قوم اور ملک کے ہاتھ پاوں باندھ کر آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے حوالے کیا ہے‘ مولانا نے کہا کہ جو حکومت خود دھاندلی سے قائم ہو‘ وہ ملک میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا کوئی حق اور جوازنہیں رکھتی ہے‘ حکومت عوام کی توجہ اپنے ناکامیوں سے ہٹانے کے لیے بلدیاتی انتخابات کرانے پر زور دیر ہی ہے ۔