میمن ویلفیئر سوسائٹی (ماسا) کے تحت چوتھےعبدالستارایدھی ایوارڈ کی تقریب

310

میمن ویلفیئر سوسائٹی (ماسا) نے جدہ کے ایک مقامی ریستوران میں چوتھے ’’عبدالستار ایدھی ایوارڈ‘‘ کی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں کورونا وبا کے پیش نظر بورڈ ارکان، میڈیا نمائندوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی محدود تعداد کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز خطیب سراج لالہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مدثر شیخہ کو نعت رسول مقبول پیش کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ سراج آدم جی نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماسا کے صدر شعیب سکندر نے کہا کہ انہیں عبدالستار ایدھی کے ساتھ کام کرنے کا شرف حاصل ہے۔ وہ کہتے تھے ’’نوبل انعام میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، مجھے صرف انسانیت کا خیال ہے‘‘۔ ہم عبدالستار ایدھی کی بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جنرل سیکرٹری صادق سورتھیا نے ایدھی کی انسانیت کے لیے کاوشوں پر روشنی ڈالی کہ کیسے انہوں نے چھوٹی چھوٹی خدمات سے کام شروع کرکے اپنے مشن کو ایک عالمی شہرت یافتہ امدادی ادارے میں تبدیل کردیا۔ مہمان خصوصی محمد امین المیمانی نے ماسا عہدے داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عبدالستار ایدھی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔
رواں برس پینل کے منتخب کردہ امیدوار احمد کمال مکی کو گزشتہ 12 برس سے ماسا پلیٹ فارم سے کمیونٹی کی بے لوث خدمات پر ’’عبدالستار ایدھی ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ مہمان خصوصی اور ماسا عہدے داروں نے احمد کمال مکی کو ایوارڈ پیش کیا۔ احمد کمال مکی نے پینل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان نے ان کے فلاحی کاموں میں بہت ساتھ دیا ہے۔ اس سے قبل سامعین کو جاوید کھیرانی، سراج لالہ اور عمران مسقطیہ کے اشتراک سے مولانا ایدھی کی زندگی اور خدمات پر ایک مختصر دستاویزی فلم دکھائی گئی جسے سامعین نے بہت پسند کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں نے عبدالستار ایدھی کی خدمات اور سادہ زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جدہ کے معروف شاعر اطہر نفیس عباسی نے عبدالستار ایدھی کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ماسا پیٹرنز محمد بادی ، یونس حبیب اور عبدالرحمن مرچنٹ نے صحافیوں اور دیگر مہمانوں کو تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر گزشتہ ماہ سعودی قومی دن پر ڈرائنگ مقابلے میں کامیاب ہونے والے تین بچوں حذیفہ خالد ، مدثر شیخہ اور حسن یونس کو میڈلز اور سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔
اختتامی کلمات میں نائب صدر وسیم عبدالرزاق تائی نے حاضرین و مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور ایونٹ کمیٹی کے سربراہ خالد تنوما اور ان کی ٹیم عقیل تیلی، جاوید کھیرانی، سراج لالہ، احمد مکی، سراج آدم جی، عمران مسقطیہ، محمد کبیر اور خزانچی عرفان بھمری کو کامیاب تقریب کے انعقاد پرمبارکباد دی۔ تقریب کا اختتام ایک شاندار عشایئے سے ہوا۔