ریاض: عوامی نیشنل پارٹی کے تحت رحمۃللعالمین کانفرنس کا انعقاد

221

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے نبی آخر الزماں کی تعریف اور توصیف بیان کرنے کے لیے مقامی ہوٹل میں رحمۃ للعالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا بعدازاں رحمۃ للعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالم دین مولانا عبدالمالک مجاہد نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی اسوۃ حسنہ نبی نوع انسان کے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید مزمل شاہ کا کہنا تھا کہ صرف ایک جزیرہ عرب کے لیے نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایمان کی بنیاد نبی آخر الزماںﷺ سے عقیدت اور محبت پر ہے۔ پاکستان سفارتخانہ کے ویلفیئر اتاشی نوید افضال نے کہا کہ اللہ نے حضرت محمدﷺ کو پوری انسانیت کے لیے کامل رہنما اور معلم بنا کر بھیجا ہے۔ سرکار دو عالمﷺ کی تعلیمات سے زندگی کے ہر گوشے میں انقلاب برپا ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ آقا کریمﷺ کی حیات مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے۔تقریب سے قاضی اسحاق میمن، عمر کلیانی، محمود باجوہ، منصور محبوب، حبیب اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں بچوں اور نسل نو کو نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور ان کی سیرت سے روشناس کروانا ہے۔