حمزہ علی میموریل سپر فٹبال لیگ کا فائنل فالکن نے جیت لیا

400

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں معروف فالکن فٹبال کلب کے زیر اہتمام حمزہ علی کی یاد میں ڈھائی ماہ جاری رہنے والے پانچواں فالکن سپر فٹبال لیگ کا شاندار فائنل کھیلا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شائقین نے بھر پور شرکت کی۔ فائنل میچ فالکن اور ایس سی آر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو فالکن ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1- 4 سے فائنل اپنے نام کر لیا۔ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حاجی امانت علی مغل نے کہا کہ اگر نوجوان نسل کو کھیلوں کے اچھے مواقع اور حوصلہ افزا ماحول دیا جائے تو وہ ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے فالکن فٹبال کلب کے عہدیداران کو فٹبال کے فروغ کے لیے کوششیں کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
فالکن فٹبال کلب کے چیف آرگنائزر فرحان مشتاق کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ کا مقصد ایشین نوجوان نسل کو فٹبال کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے خصوصی تعاون کرنے پر مہمان خصوصی امانت علی مغل سمیت تمام اسپانسرز اور بھرپور کوریج کرنے پر پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم اور پاک اوورسیز میڈیا فورم جدہ کا شکریہ ادا کیا۔ ٹورنامنٹ میں 8 ایشین ٹیمیں شامل تھیں۔ اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں تندرست سرگرمیوں کا انعقاد فالکن فٹبال کلب کی نا قابل فراموش کاوش ہے۔آخر میں ٹورنامنٹ کی ونر فالکن ٹیم کو ٹرافی اور دیگر انعامات دیے گئے جبکہ دیگر ٹیموں کے اعلیٰ کارگردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی ٹرافی ، میڈل ، شیلڈز اور دیگر انعامات سے نوازا گیا جبکہ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم اور پاک اوورسیز میڈیا فورم جدہ کے عہدیداروں کو بہترین کوریج کرنے پر اعزازی شیلڈیں اور سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔