ترقی و خوشحالی میں نوجوان نسل اہم کردار ادا کرتی ہے،عبدالعزیز

365

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں نوجوان نسل اہم کردار ادا کرتی ہے، موجودہ حالات ، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نئی نسل کی صلاحیتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی جانب سے اپنے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بہت جلد جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنے بچوں کو بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ وہ مختلف برادریوں کے عمائدین سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عبدالعزیز عرب نے کہا کہ بہت جلد لائبریری و ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا اور کینسر اسپتال اینڈ میڈیکل کالج کا قیام ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے میدان میں آگے سے آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ ان کی رہنمائی یا گائیڈلائن پر کام نہ کیا گیا تو آئندہ کی نسلوں کو بہتر افراد فراہم نہیں ہوسکیں گے۔