نبیؐ کی حیات طیبہ میں پوری دنیا کیلیے رہنمائی ہے ٗ اسماء سفیر

207

کراچی (پ ر)آرٹس کونسل کے حسینہ معین ہال میں حریمِ ادب کراچی کے تحت نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہر کی معروف خواتین شعرا نے حضور سرور کونینؐ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔محفل گلہائے عقیدت سے خطاب کرتے ہوئے نگران اعلیٰ حریم ادب اسماء سفیر نے کہا کہ نبیﷺ کی حیات پوری دنیا کے لیے رہنمائی اور راہ ہدایت پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول کریم ؐ کی پوری حیات طیبہ حق و باطل کی کشمکش سے پُر اور کامیابیوں پر مشتمل ہے۔ابتدائی خطاب میں نگراں حریم ادب عشرت زاہد نے منتظمین اور آرٹس کونسل کے ذمے داران کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ معاشرے میں مثبت ادبی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ نعتیہ کلام کے ساتھ سیرتِ نبوی کے مختلف واقعات اور پہلو بھی سامنے لائے جائیں گے تاکہ اسوہ حسنہ سے رہنمائی لینے کا جذبہ دلوں میں اجاگر ہوسکے۔اس موقع پر خواتین شعراء نے حبِ رسولؐ اور عقیدتِ رسول ؐپر مشتمل کلام پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری حریم ادب ڈاکٹر عزیزہ انجم اور فرحی نعیم بھی موجود تھیں۔