شہیدملت اور محسن پاکستان کی خدمات بے مثال ہیں،انیس زیدی

175

کراچی (پ ر)شہید ملت لیاقت علی خان کی استحکام پاکستان اور محسن ملت ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی دفاع وطن کے لیے گراں قدرخدمات بے بہا اور بے مثال ہیں۔ شہید ملت نے پاکستان کی ریاست کو استحکام بخشا جبکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔ یہ دونوں عظیم شخصیات ایک بے حس قوم کے عظیم ہیروز ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سندھ یونٹی بورڈ بہ تعاون بہادریارجنگ اکادمی کے تحت منعقدہ ایک تعزیتی ریفرنس میں کیا گیا۔ مقررین میں پروفیسر انیس زیدی ، محفوظ النبی خان ، پروفیسر ڈاکٹر فرحت عظیم ، صدر یونٹی بورڈ نسیم شاہ ایڈووکیٹ ، شگفتہ فرحت ، جلیس سلاسل ، معتمد اکادمی صبیح الدین حسینی، سید عبدالباسط اور دیگرشامل تھے ۔ مقررین نے تحریک پاکستان کے رہنما اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم و وزیر دفاع شہید ملت خان لیاقت علی خان کی پاکستان کے قیام اور ملگ کے استحکام کے لیے نیز پاکستان کے جوہری توانائی کے بانی اور ایٹم بم کے خالق عظیم سائنس داں ڈاکٹرعبد القدیرخان کی ہمت، جرأ ت، استقامت اوردفاع وطن کے لیے ان کی بے مثال قربانیوں کوسراہا اورملک وقوم کے لیے ان دونوں عظیم رہنماؤں کی خدمات کوسراہتے ہوئے ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔