ملک میں کرونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری، 698 نئے کیسز رپورٹ، 9 ہلاکتیں ریکارڈ

198

اسلام آباد: ملک میں کورونا کیسز کی شرح اور اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 698 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 9 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں ، جس کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 95 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 698 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 1.65 فیصد رہی۔

ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا سے 9 مریض جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار386 ہوگئیں۔

ملک میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 940 ہے، جن میں سے ایک ہزار 524 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔