کراچی میں فی الفور بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں ٗحافظ نعیم

232

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان کی خبروں پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کافیصلہ خوش آئند ہے ملک میں طویل عرصے سے تمام صوبوں میں بلدیاتی نظام عملاًمعطل تھا جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں ،الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ خیبر پختونخوا کی طرح دیگر صوبوں بالخصوص کراچی میں بھی فوری بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے،3 کروڑ سے زاید عوام کے بے شمار مسائل کے حل کے لیے ضرور ی ہے کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت کے قیام کو یقینی بنایا جائے، میئر کا انتخاب براہ راست کیا جائے اور اس کے لیے موجودہ بلدیاتی ایکٹ میں تبدیلی کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ پوراشہرتباہ حال ہے ، عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ،کراچی میٹرو پولیٹن شہر ہے جوکہ ملک کو 47فیصد ٹیکس کی مد میں ادا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ،کراچی میں صفائی ستھرائی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں ہے ، سڑکیں خستہ حال ہیں ،شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ،کراچی میں ضلعی ایڈمنسٹریٹربھی کراچی کے مسائل سے ہی واقف نہیں ہیں اس صورتحال کا واحد حل فوری بلدیاتی انتخابات ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے معلوم ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے اکثریتی صوبوں میں اور سندھ میں پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر اتفاق کیا ہوا ہے ، پیپلزپارٹی کراچی دشمنی میں شہر میں ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے کراچی کو فتح کرنے کی کوششوں میں ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر دعوے،اعلانات اور دورے تو مسلسل کررہے ہیں لیکن مسائل جوں کے توں ہیں اور یہ صورتحال اس وقت تک رہے گی جب تک کراچی میں بااختیار شہری حکومت قائم نہیں ہوگی ۔