ووٹ پی ٹی آئی اورمتحدہ نے لیے ‘ کام پی پی کررہی ہے‘مرتضیٰ وہاب

209

کراچی (نمائندہ جسارت)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے عوام کو ہمیشہ چھت فراہم کی ہے، روز گار دیا، سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام سے چھت اور روزگار چھینا لیکن ہم انہیں چھت اور روزگار دیںگے، ہماری پارٹی کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں، ووٹ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم والے لیکر گئے لیکن کام پیپلز پارٹی کررہی ہے، یہ بات انہوں نے کے ایم سی مارکیٹ کورنگی پانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈی سی کورنگی، ایڈمنسٹریٹر کورنگی ، سینئر ڈائریکٹرز کے ایم سی امتیاز ابڑو، عمران صدیقی، سیف عباس، تاجر برادری اور پارٹی ورکرزکی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کورنگی مارکیٹ میں 35 دکانیں تعمیر کی جائیں گی جو تجاوزات سے متاثرہ دکانداروں میں تقسیم کی جائیں گی، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی متاثرین کے لیے دکانیں تعمیر کی جائیں گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی متاثرین کو دکانیں فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو جلد ہی پورا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اب وسائل کی بات نہیں کرتی بلکہ کام کرتی دکھائی دے رہی ہے، وہ متاثرین جن سے ماضی میں روزگار چھینا گیا اب انہیں دکانیں اور روزگار مل رہا ہے جس سے ان کی مالی مشکلات دور ہورہی ہیں، ان دکانوں کے ذریعہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو کرایہ کی مد میں ریونیو بھی ملے گا، انہوں نے کہا کہ ان دکانوں کی تعمیر سے قبضہ مافیا کو بھی قبضہ کیلیے جگہ نہیں ملے گی ۔