سودی معیشت تباہی کا پیش خیمہ ہے‘عبدالرحمن سلفی

71

کراچی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت غربا اہلحدیث مولاناعبدالرحمن سلفی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت آئی۔ ایم۔ ایف ورلڈ بینک و دیگر سامراجی مالیات اداروں کی سودی قرضوں سے روز بروز تباہ ہورہی ہے سودی معیشت ہماری تباہی کا پیش خیمہ ہے اور اسلام کی سراسر مخالفت ہے پوری قوم کو سود کی لعنت میں مبتلا کردیا ہے ابتک آنے والے تمام حکمرانوں کا یہ رویہ اسلام اور ملکی آ ئین کے منافی اور اللہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے ہمیں اپنے وسائل کو ترقی دینا چاہیے اور ملک کو معاشی تباہی سے محفوظ رکھنے کیلیے سودی قرضوں سے اجتناب کرنا ہوگا ۔مولانا عبد الرحمن سلفی نے مجلس علماکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی معیشت و سود پر علماء کرام نے کافی کام کیا ہے جس کے ذریعہ معاشی نظام کو مستحکم کیا جاسکتا ہے اور سود کی لعنت سے بچا جاسکتا ہے اگر حکومت اس میں مخلص ہو ۔مولانا سلفی نے مزید کہا مہنگائی و بیروزگاری سودی قرضوں کی وجہ سے بڑھتی جارہی ہے بجلی ، گیس ، پیٹرول ودیگر ضرورت اشیا روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلیے حکومت کو سخت و فوری اقدامات کرنے ہوں گے اشرافیہ کے تعیش کو ختم کرے مفت بجلی ، گیس، پیٹرول کی سہولت کو فوری ختم کرے اور عوام کو ریلیف دینے کیلیے بھاری مراعات یافتہ طبقہ پر خصوصی ٹیکس عائد کرے ۔