سیرت طیبہ زندگی کے ہرشعبے میں رہنما ہے،معراج الہدی

241

کراچی(نمائندہ جسارت)رحمت العالمینؐ کی سیرت دنیا کے لیے مشعل راہ ہے ۔نبی آخرالزماں حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو جس نے اپنا آئیڈیل بنایا وہ کبھی گمراہ نہیں ہوگا۔ان کی زندگی پچھلے لوگوں، موجودہ اورآنے والوں کے لیے بھی مثال ہے، آج ہم دنیا میں کثیر تعداد میں ہونے کے باوجود قابل رحم ہیں۔صرف اسی لیے کہ ہم نے حضرت محمدمصطفیؐ کومانا توہے مگر آپؐکامشن نہیں اپنایا اسی لیے دربدرہیں اور غیروں کے آگے جھکے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی نارتھ کراچی کے تحت آکسفورڈ اسکول کے سامنے جلسہ سیرت النبیؐ سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت کواپنا کھویا ہو مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سنت رسولؐ پرمکمل عمل درآمد اورمسلم حکمرانوں کوامریکا،آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے بجائے مکہ معظمہ مدینہ منورہ کو اپنا مرکزومحور بنانا ہو گا۔ اہل مغرب اسلام سے خوفزد ہیں اور وہ اسلام کو دہشت گردی کا مذہب قرار دیتے ہیں، اسلام سے وہ ہی خوفزدہ ہیں جواپنے آپ کو فرعونوں کی صف میں شامل کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ احمد مصطفی محمدمجتبیٰؐ تمام جہانوں کے لیے رحمت ہیں اسی لیے رحمت العالمینؐ کہا جاتا ہے۔رحمت العالمینؐنے ہمیں جس چیز کی تلقین کی پہلے خود اسے پورا کیا حتیٰ کہ رسول مہربان صلی اللہ علیہ وسلمنے اپنے گھریلو معاملات سے بھی امت کوآگاہ کیا کہ کس طرح وہ اپنے اہل وعیال سے پیش آتے تھے۔دنیا داری بھی اس طرح نبھائی اور ان سے زیادہ کامیاب کوئی ہستی نہیں رہی۔ہرچیز میں اعتدال رکھا اپنے پرائے سب انہی کے گردیدہ ہوگئے۔جس طرح انہوں نے زمانے کے لیے روشن مثالیں پیش کیں۔آج تک کسی اورنظام کے داعی نے پیش نہیں کی ہیں۔اگرہم آج ان کی سیرت پر چلیں ان کا دامن تھام لیں تودنیاوآخرت سنور جائیگی۔اس راہ پرچلنے والا کبھی نہیں بھٹک سکے گا۔