ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاک بھارت اعصاب شکن میچ آج کھیلا جائے گا

339

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق 7بجے شروع ہو گا۔ قومی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہوں گے۔ پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں اس ہائی وولٹیج میچ پر ہیں۔ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک نے کافی عرصے سے باہمی سیریز نہیں کھیلی، اس دوران صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیموں کو آپس کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ اس تمام تر صورتحال کے باوجود دونوں جانب شائقین کرکٹ میں جوش و ولولہ برقرار ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007سے2016تک8 ٹی20 میچ کھیلے گئے جس میں پاکستان نے ایک اور بھارت نے6 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔ گرین شرٹس کو بھارت کے خلاف ٹی20 میچز میں واحد کامیابی بنگلور کے مقام پر دسمبر2012 میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ ٹی20و رلڈکپ مقابلوں میں روایتی حریف 5 مرتبہ آمنے سامنے آئے۔ 4 میچوں میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا معرکہ 2007ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہوا جو ٹائی ہو گیا تاہم بال آئوٹ پر بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔ فائنل میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں اور اس مرتبہ بھی جیت بھارت کا مقدر بنی۔2012 کے ٹی20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں تیسری مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور اس میچ میں بھارت نے8 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔2012ء میں ہی پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا،2 میچز کی سیریز کا پہلا میچ بنگلور میں ہوا جس میں پاکستان 5 وکٹوں سے کامیاب ہوا مگر احمد آباد میں ہونے والے دوسرے ٹی 20میچ میں بھارت نے11 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی۔ بنگلا دیش میں2014ء کے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی پاک بھارت ٹاکرا ہوا جس میں بھارت نے7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔2016میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے میچ میں مد مقابل آئیں، یہ میچ بھی بھارت نے 5 وکٹوں سے اپنے نام کیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 میچ 2016ء کے ورلڈ کپ میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔