کھیلوں کے انعقاد سے اخوت ، محبت و بھائی چارگی کو فروغ دیا جائے ، وزیر کھیل گلگت بلتستان

337

گلگت(جسارت نیوز)پاکستان ا سپورٹس بورڈ اور گلگت بلتستان ا سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام آل پاکستان انڈر17 بوائز فٹبال ٹورنامنٹ 2021 کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا۔وزیر سیاحت،ثقافت،کھیل و امور نوجوانان گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان ایونٹ کے مہمان خصوصی تھے۔افتتاحی تقریب لالک جان شہید نشان حیدر اسٹیڈیم جوٹیال گلگت میں منعقد ہوئی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے معاشرے صحت مند رہتے ہیں۔کھیلوں کے انعقاد سے اخوت،محبت و بھائی چارگی کو فروغ دیا جائے۔ایسے ایونٹس کے انعقاد کا مقصد علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ دینا ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر بھی مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پر سیکریٹری سیاحت و ثقافت ظفر وقار تاج نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرائونڈز کو دوبارہ آباد کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کھیلوں کو فروغ دینے اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی بہتر صحت اور نشونما کی خاطر کھیلوں اور ورزش کو معمول بنایا کریں۔اس طرح کے ایونٹس میں والدین خصوصی طور پر اپنے بچوں کو لے کر آئیں اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرائیں تاکہ بچے خرافات اور لامقصدیت والی زندگی سے نکل کر اپنی اچھی صحت کی فکر کرسکیں ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کھلی فضا میں قدرتی مناظر سے لطف اندوز رہیں اور اپنی ذہنی نشونما کی بہتری کیلئے وقت ضرور نکالیں۔یاد رہے کہ اس ایونٹ میں پنجاب،خیبرپختونخوا، آذادجموں اینڈکشمیر، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ ایونٹ کل تک جاری رہیں گے۔