بابر اعظم کی تکنیک کوہلی سے بہتر ہے، انضمام الحق

438

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بابر اعظم کی تکنیک کو ویرات کوہلی سے بہتر قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انضمام الحق نے پاکستان اور بھارتی ٹیم کے کپتانوں کا موازنہ کیا اور کہا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی دونوں ہی عظیم پلیئرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر تکنیک کا موازنہ کروں تو بابراعظم کی تکنیک، ویرات کوہلی سے بہتر لگتی ہے، جس طرح بابر بیٹنگ کر رہا ہے، مجھے لگتا ہے وہ سارے ریکارڈ توڑ دے گا۔سابق کپتان نے مزید کہا کہ ویرات نے بھی اپنے ملک کیلئے بہت پرفارمنس دی ہیں، لیکن اس میں جارح مزاجی بہت زیادہ ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ بابر نے جتنی کرکٹ کھیلی ہے، اس کے حساب سے کوہلی سے ریکارڈ بہتر ہے، پاکستانی کپتان کو ابھی اپنے کیریئر کی اونچائی کو چھونا ہے۔ انضمام الحق نے یہ بھی کہا کہ بابر کا بہترین کھیل اب بھی سامنے آنا باقی ہے، بیٹسمینوں کی زندگی 30 سال کی عمر کے بعد شروع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں کوہلی پر زیادہ پریشر ہوگا، بابر پر بھی دبائو ہوگا، بھارتی کپتان پر اضافی پریشر اس لئے ہے کہ یہ بطور کپتان آخری ٹورنامنٹ ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی رنز کیلئے بھوک اس کو دوسروں سے بہتر بناتی ہے، میں نے کسی اور بیٹسمین میں رنز کی اتنی بھوک نہیں دیکھی۔