ماحولیات سے متعلق سندھ حکومت کا وفاق کو احتجاجی خط

275

کراچی (آن لائن) ماحولیات سے متعلق دستاویزات اور روڈ میپ شیئر نہ کرنے پر سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو احتجاجی خط لکھ دیا۔ صوبائی وزیربرائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اورساحلی ترقی اسماعیل راہو نے وزیراعظم کے مشیر ماحولیات امین اسلم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کنونشن برائے کلائمنٹ چینج میں وزیراعظم روڈ میپ اور دستاویزات پیش کریں گے جو سندھ کے ساتھ شیئر ہی نہیں کیے گئے اور نہ ہی اس کے لیے صوبوں سے تجاویز لی گئی ہیں۔ اسماعیل راہو نے خط میں کہا کہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اورساحلی ترقی صوبائی سبجیکٹ ہے اور عملدر آمد صوبوں کو کرنا ہے۔ صوبہ سندھ میں سمندری دخل اندازی اور کٹائو، پانی کی قلت، آب و ہوا کی تبدیلی سے متاثرہ ہجرت، پانی کا معیار، فصلوں کی کم پیداوار سمیت دیگر بیماریوں کا پھیلائوشامل ہے۔ عملدر آمد کے دوران زیادہ سے زیادہ صوبائی تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت ہوتی ہے، متحرک تبدیلی کے چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے صوبہ سندھ ہم آہنگ کوششوں کا منتظر ہے۔