حکومت نے عوام کو بے حال کردیا ، مہنگائی سے چیخیں نکل رہی ہیں ، پیپلز پارٹی

113

اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں‘ حکومت ملک کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے‘ کنٹینر پر عوام کو سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو بے حال کر دیا‘ وزرا اور مشیر گالم گلوچ کا کلچر لے آئے ہیں‘ انہوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ‘ ان کے جھوٹے د عوے ان کے گلے پڑ رہے ہیں‘ آج 22 کروڑ عوام گو عمران گوکے نعرے لگا رہے ہیں‘ ملکی اداروں کے خلاف غلط زبان استعمال کی جا رہی ہے‘ ان کی نا اہلی کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے‘ اب اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا‘ استعفوں کی وجہ سے پی ڈی ایم سے علیحدگی ہوئی‘ لاہور کے ضمنی انتخاب میں اسلم گل پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوںگے۔ ہفتے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کہتے ہیں کہ ڈالر مہنگے ہونے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو
فائدہ ہوا ہے‘ کونسے افلاطون ہیں یہ‘ ان کو علم نہیں ملک کدھر جا رہا ہے؟ وزیر اعظم کی اہلیہ کی بیٹی کی شادی میں شرکت میں سرکاری پیسہ خرچ ہونا، یہ ایک غیر قانونی حرکت ہے‘ توشہ خانے کے تحائف پرآپ جواب نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ اپوزیشن دیکھنا چاہتے ہیں‘ہماری کوشش سے پی ڈی ایم کا قیام عمل میں آیا تاہم استعفوں کے ایشو پر ہم پی ڈی ایم سے الگ ہو گئے‘ہم نے عدم اعتماد کی تحریک لانے کی بات کی لیکن ہمارے دوست نہیں مانے‘ ہم نے کبھی بھی ذاتی مقاصد کے لیے سیاست نہیں کی اور نہ ہی کبھی عوام کو تنہا چھوڑا ہے۔