طالبان حکومت تسلیم کرنے کیلیے مغربی ممالک پر زور دے رہے ہیں ، فواد چودھری

256
ابوظبی: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری پریس کانفرنس کررہے ہیں

دبئی (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ د بئی اور برطانیہ میں بھی بہت مہنگائی ہوئی ہے‘ملک میں گندم، مکئی سمیت دیگر اجناس کی غیرمعمولی پیداوار ہوئی ہے جبکہ تعمیراتی صنعت اور ٹیکسٹائل عروج پر ہے‘پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان کی موجودہ حکومت کی مدد کرے‘ افغانستان میں ڈالر اسمگل ہونے سے ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا‘ ہم تنہا طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو5 ارب روپے دینے کا مقصد کابل میں طالبان حکومت کومستحکم کرنا ہے‘ حالیہ چند ماہ کے دوران شعبہ تعمیرات میں 600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور 3 لاکھ نوکریاں فراہم کی ہیں‘ اگر پاکستان کی معیشت کھڑی ہے تو یہ اوورسیز پاکستانیوں کے زرمبادلہ کی وجہ سے ہے‘ کابینہ کے ہر اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل پر بات ہوتی ہے۔