الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو طلب کرلیا

354

راولپنڈی: الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری سے توہین عدالت آرڈیننس کے تحت الزامات کا جواب طلب کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو طلب کرلیا ہے، اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

فواد چوہدری نے جواب جمع کروانے کیلئے الیکشن کمیشن سے دوسری بار مہلت مانگی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے ان کی درخواست مسترد کردی اور انہیں 27 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں، ان سے توہین عدالت آرڈیننس کے تحت الزامات کا جواب طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے 6 ہفتوں کی مہلت مانگ رکھی تھی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 16 ستمبر کو جاری نوٹسز میں وزرا سے ادارے اور اس کے سربراہ یعنی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف لگائے گئے الزامات کی حمایت میں ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔