ملکہ برطانیہ کی طبیعت ناساز، مکمل آرام کا مشورہ

277

لندن: دنیا کی معمر ترین ملکہ کا اعزاز حاصل کرنے والی ملکہ برطانیہ 95 سالہ الزبتھ دوم نے ناسازی طبیعت کے باعث سالوں بعد پہلی رات اسپتال میں گزارنے کے بعد محل واپس پہنچ گئیں ہیں، ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کی تاکید کی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  گزشتہ روز ملکہ برطانیہ ناسازی طبیعت کے باعث شمالی آئرلینڈ کا دورہ منسوخ کرنے پر مجبور ہوئیں اور ایک رات اسپتال میں گزارنے کے بعد ونڈسر محل واپس آئیں، جسے بکھنگم پیلس نے ابتدائی معائنہ قرار دیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکہ الزبتھ نے بدھ کی رات اسپتال میں گزاری لیکن اگلے روز وہ لندن کے مغربی حصے میں واقع ونڈسر محل میں واپس آگئی تھیں اور حکام کا کہنا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔

بکھنگم پیلس کے مطابق 20 اکتوبر کو ملکہ کے طبی عملے کی جانب سے انہیں آرام کرنے کی تاکید کے بعد ان کا شمالی آئرلینڈ کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا لیکن ان کی بیماری کا تعلق کورونا وائرس سے نہیں تھا۔

جمعرات کی شب کو جاری کردہ بیان میں برطانوی شاہی محل نے کہا کہ کچھ دن آرام کرنے کے طبی مشورے کے بعد ملکہ الزبتھ دوم، کچھ ابتدائی معائنے کے لیے بدھ کی سہ پہر اسپتال گئی تھی اور آج دوپہر کے کھانے کے وقت ونڈسر محل واپس آگئیں اور اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔

معاونین نے اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کہ ملکہ الزبتھ کی صحت کے حوالے سے توجہ کس چیز پر مرکوز کی گئی جبکہ کچھ شاہی نامہ نگاروں نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کی صحت سے متعلق باضابطہ بیان حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ملکہ اپنے امور سرانجام دے رہی ہیں جبکہ بورس جانسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ملکہ الزبتھ اب ٹھیک ہیں اور دفتری امور بھی انجام دے رہی ہیں۔

شاہی محل حکام نے بتایا کہ ملکہ الزبتھ دوم نے وسطی لندن کے کنگ ایڈورڈ 7 اسپتال میں عملی وجوہات کی بنا پر قیام کیا اور یہ طبی ٹیم نے ایک محتاط انداز کی وجہ سے تھا جبکہ شاہی محل  نے مزید بتایا ہےکہ وہ اب آرام کر رہی ہیں اورساتھ ہی کچھ سرکاری فرائض انجام دے رہی ہیں۔

واضح رہے ملکہ الزبتھ دوم جو آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ سمیت 15 ممالک کی ملکہ ہیں،  وہ 1952 سے تخت پر ہیں اور برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی حکمران ہیں جبکہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی عمر 95 برس ہے اور وہ زائد العمری کے باوجود متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

وہ برطانیہ کی ایک ہزار سالہ شاہی تاریخ کی پہلی ملکہ بھی ہیں، جو اب تک سب زیادہ عہدے پر براجمان رہی ہیں، الزبتھ دوئم اگست 2015 میں برطانیہ کے شاہی تخت پر سب سے طویل عرصے تک براجمان رہنے والی ملکہ بنی تھیں، انہیں تخت پر بیٹھے ہوئے 70 سال ہونے والے ہیں۔

ملکہ برطانیہ نے فروری 1952 میں والد کی وفات کے بعد تخت سنبھالا تھا، ان کے شوہر شہزادہ فلپس 99 سال کی عمر میں رواں برس اپریل میں چل بسے تھے، وہ اب چلتے وقت چھڑی کا سہارا لینے لگ گئی ہیں اور انہیں پہلی مرتبہ 12 اکتوبر کو چھڑی کے سہارے چلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔