ٹی 20ورلڈکپ: آسٹریلیا کی دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست

251

ابوظہبی: ( سید وزیر علی قادری)  انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقاکو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقانے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا جو وہ آخری اوور میں حاصل کرسکی۔ ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 جنوبی افریقی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو آسٹریلین بولرز نے کھل کر نہ کھیلنے دیا، اور یکے بعد دیگرے وکٹیں لیتے رہے۔ ایڈن مارکرام 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ہیٹ ٹرک کلاسین 13 اور ڈیوڈ ملر نے 16 رنز بنائے۔

 میچ کے اختتامی لمحات میں ٹیل اینڈر کگیسو ربادا نے 20 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو 118 کے مجموعہ تک پہنچایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے تمام ہی بولرز نے وکٹیں لیں جن میں سے مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 جبکہ گلین میکسویل اور پیٹ کمنز نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

 ہدف کا تعاقب آسٹریلوی ٹیم کے لیے بالکل آسان نہیں رہا اور 119 رنز کا ہدف اس نے آخری اوور میں حاصل کیا۔ جنوبی افریقی بولرز نے آسٹریلیا کے لیے اس آسان ہدف کو پہاڑ جیسا بنادیا۔

 آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ کے 35 اور اختتامی لمحات میں مارکس اسٹوئنس کے 24 نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اینرک نورکیا نے 2 آﺅٹ کیے جبکہ کگیسو راباڈا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ لیں۔