وفاقی دارلحکومت اور پنجاب میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری

506

اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اورپنجاب میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، اموات اور کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، دارالحکومت میں مزید 118 شہری ڈینگی کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے این آئی ایچ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 118 شہری ڈینگی کاشکار ہوگئے  ہیں، محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2721 ہوگئی جن میں سے 1668 فراد کا تعلق دیہی علاقوں سے اور شہری علاقوں میں ڈینگی کے 1053مریض ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں 24 گھنٹوں میں 79 نئے ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی کے 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

قومی ادارہ صحت کی جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی مچھر پاکستان کے تقریبا تمام جغرافیائی علاقوں میں موجود ہے، ادھر صوبہ پنجاب میں بھی ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، گزشتہ روز صوبے بھر میں 500 سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 546 مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز صرف لاہور میں ڈینگی کے 361 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب سے ڈینگی کے کیسز کی تعداد 9 ہزار 491 ہوچکی ہے، صوبے میں اب تک ڈینگی سے 29 فراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ پنجاب کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 2 ہزار 286 مریض داخل ہیں۔