سعودی عرب میں ساڑھے 4 کروڑ ویکسین کی خوراکیں لگ گئیں

364

سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے اب تک ساڑھے 4 کروڑ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے ویکسینیشن سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک مملکت میں موجود شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو 45 ملین سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔

ایک روز میں 82 ہزار سے زائد ویکسین لگائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر لگائی جانے والی ویکسین میں سے 24 ملین پہلی اور قریباً 21 ملین ویکسین کی دوسری خوراک دی گئی۔

اسی طرح ویکسین کی  1.690 ملین خوراکیں بڑی عمر کے افراد کو بھی دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ مملکت میں موجود شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بوسٹرڈوز لگوانا ہو گی، 60 سال سے زائد افراد کے بعد اب 18 ‏سال اور اس سے زائد عمر والوں کو تیسری ڈوز لگانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ان افراد کے لیے پہلی ڈوز کے 6 ماہ گزرنے پر تیسری ڈوز لگائی جائے گی۔

ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا تھا کہ گردوں کے پرانے مریضوں، ‏اعضا کی پیوندکاری کرنے ‏‏‏والوں کو بوسٹر ڈوز لگانا شروع کر دی گئی ہے۔