حیدرآباد و دیگر شہروں میں ڈینگی کے مرض میں تیزی سے اضافہ

141

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ حیدرآباد اور سندھ کے دیگر علاقوں میں ڈینگی مچھر کے وار میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔جس کے خاتمے اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلیے نہ تو ضلعی انتظامیہ اور نہ ہی بلدیاتی ادارے کوئی عملی اقدام کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں تیزی سے شہری ڈینگی مچھر کا شکار ہوکر اسپتالوں میں داخل کیے جارہے ہیں جن میں سے کئی افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے لیکن ضلعی انتظامیہ نہ تو اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی آگاہی مہم چلائی گئی ہے۔ جس کے باعث شہری غیر محفوظ ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ڈینگی کا شکار مریض کو علاج کیلیے لایا جارہا ہے ۔ اگر فوری طورپر ضلعی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس مسئلے پر توجہ نہ دی تو اس سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے صوبائی حکومت وبائی امراض اور دیگر بیماریوں کے نام پر کروڑوں روپے کے فنڈز خوردبرد کرلیتی ہے لیکن عملی طورپر بیماریوں سے بچاؤ کیلیے حفاظتی انتظامات کہیں نظر نہیں آتے اور نہ ہی آگاہی مہم چلائی جاتی ہے جس کی وجہ سے عوام کسی بھی قسم کی بیماریوں یا ان کے نقصانات سے لاعلم رہتے ہیں اور پھر جب وہ اس بیماری کا شکار ہوجاتے ہیں تو پھر انہیں بھاری اخراجات کرکے علاج کرانا پڑتا ہے۔